رانچی،24/اکتوبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے زیریں عدالت کے فیصلے کو پلٹتے ہوئے دو دہائی پرانے قتل کے معاملے میں ایک شخص کو بری کر دیا ہے۔پاکڑ کی ایک عدالت نے اسے دسمبر 2011 میں تاعمر قید کی سزا سنائی تھی۔ جسٹس ایس چندر شیکھر اور رتناکر بھینگڑا کی بنچ نے چندہ مرمو کو یہ کہتے ہوئے بری کر دیا کہ زیریں عدالت نے کیس کے حقائق پر دھیان نہیں دیا تھا۔ مرمو نے 1998 میں پاکڑ ضلع میں موہنتی ہیمبرم کے قتل کے معاملے میں زیریں عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ مرمو کی وکیل اپراجتا بھاردواج نے کہا کہ متوفی ہیمبرم کی بیوی نے پاکریا تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ 25 اگست 1998 کو مرمو نے اس کے شوہر کی ڈنڈے سے پٹائی کی تھی، جس سے اس کی موت ہو گئی تھی۔